23 ستمبر، 2023، 5:13 PM
Journalist ID: 5390
News ID: 85237054
T T
0 Persons

لیبلز

 شام کے بارے میں سہ فریقی آستانہ مذاکرات

23 ستمبر، 2023، 5:13 PM
News ID: 85237054
 شام کے بارے میں سہ فریقی آستانہ مذاکرات

نیویارک-ارنا-  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر شام کے بارے میں سہ فریقی آستانہ پروسیس کے تحت اجلاس منعقد ہوا  جس  میں ایران، روس اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے حصہ لیا۔

  ارنا کے نامہ نگار کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی میزبانی میں ہونے والے سہ فریقی آ‎ستانہ مذاکرات میں ایران، روس اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شام کی موجودہ صورتحال اور اس سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا۔

   اس رپورٹ کے مطابق  اجلاس شروع ہونے کے تھوڑی ہی دیر بعد ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے  گیّر پیڈرسن بھی مذاکرات  میں شریک ہوگئے ۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کی شرکت سے شام کے بارے میں آستانہ پروسیس کے تحت اجلاس کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ۔  

 انھوں نے کہا کہ آج کے اجلاس نے  ایک بار پھر آستانہ پروسیس کے تحت اجتماعی اقدامات کی اہمیت اجاگر کردی ہے اور اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے مسٹر پیڈرسن کی شرکت سے بحران شام کے حل میں اقوام متحدہ  کے کردار کی اہمیت واضح ہوجاتی ہے۔   

 انھوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ شام میں انسانی صورتحال بدستور بحرانی ہے جس کی ایک وجہ خودسرانہ پابندیاں اور شام  کے عوام کی دولت و ثروت کی لوٹ مار ہے ۔

 ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ  شام کے خلاف پابندی اور اس ملک کے عوام کے قدرتی ذخائر کی غارتگری سے  ملک کے عوام بالخصوص خواتین اور بچون کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔  

 انھوں نے کہا کہ ہم اس اجلاس میں،  شام میں انسانی بحران پر ایک بار پھر اپنی تشویش کا اعلان اور شام کے خلاف لگائی جانے والی پابندیاں مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔  

 وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ شام میں تعمیر نو کے مسئلے کو بعض عناصر کی جانب سے دمشق پر دباؤ کے ایک حربے میں تبدیل نہیں ہونا چاہئے۔  

 انھوں نے کہا کہ شامی مہاجرین  کی واپسی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بجلی اور پانی کی سپلائي کے نظام سمیت سبھی بنیادی تنصیبات اور خدمات کی بحالی کی ضرورت ہے  اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ نیز اعلی کمیشن برائے پناہ گزینان  کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔  

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس نشست میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھی موجود ہیں،  ہم ان کی موجودگی میں یہ کہتے ہیں کہ  شام کے عوام کے  رنج و الم کو کم کرنے میں عالمی برادری کی ذمہ داری زیادہ اور بنیادی حیثیت رکھتی  ہے۔

 حسین امیر عبدللہیان نے کہا کہ ہم شام کے خلاف یک طرفہ پابندیوں کو بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق، اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی اور شام کے عوام  اور بے گھر ہونے والوں تک امداد رسانی میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں ۔

 انھوں نے کہا کہ ہم  شامی مہاجرین کی باعزت وطن واپسی اور ان کے سبھی حقوق کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔  

 ایران کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ اقوام متحدہ کی حمایت سے شامی رہنماؤں  کی سیاسی قیادت میں مذاکرات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شام میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مدد کے لئے ہمارا عزم ناقابل تزلزل ہے  اور ہم شام کی ارضی سالمیت کے مکمل احترام کے ساتھ دہشت گردی کے مقابلے میں اپنا تعاون جاری رکھنے پر زور دیتے ہیں۔

 اس اجلاس میں روس کے وزیر خارجہ  سرگئی لاؤروف، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائند ے گیّر پیٹرسن نے بھی اپنی تقاریر میں شام کے عوام کی مشکلات کے حل اور امداد رسانی کے تعلق سے  اپنے  موقف اور نظریات  بیان کئے۔

 ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

0 Persons

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .