برازیل کی حکومت نے امریکی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے دو ایرانی جنگی جہازوں کو ریو ڈی جنیرو کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت جاری کر دی۔
پیر کے روز بین الاقوامی خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ برازیل کے صدر دا سیلوا کی حکومت کی اجازت سے دو ایرانی جہاز ریو ڈی جنیرو کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے ریو ڈی جنیرو کی بندرگاہ کی ذمہ دار تنظیم کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی بحریہ سے تعلق رکھنے والے دو بارجز ’مکران‘ اور ’دنا‘ اتوار کو بندرگاہ میں داخل ہوئے۔
برازیلی بحریہ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف کارلوس ایڈورڈو ہیرٹا آرٹینس نے دونوں بحری جہازوں کو 26 فروری سے 4 مارچ تک گودی میں جانے کی اجازت جاری کی۔
غیر ملکی بحری جہازوں کے لیے مورنگ کی اجازت برازیل کی بحریہ کی جانب سے جاری کی جاتی ہے تاہم یہ اجازت وزارت خارجہ سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی جاری کی جا سکتی ہے۔
برازیل میں امریکی سفیر الزبتھ باگلی نے ایک پریس کانفرنس میں دا سیلوا کی حکومت سے کہا کہ وہ ایرانی جنگی جہازوں کو داخلے کی اجازت نہ دے۔
باگلی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایرانی جہازوں نے ماضی میں غیر قانونی تجارت اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کی ہے اور امریکہ نے ان پر پابندیاں عائد کی ہیں۔برازیل ایک آزاد ملک ہے، لیکن ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ان جہازوں کو کہیں بھی نہیں جانا چاہیے۔
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu
آپ کا تبصرہ