ارنا نے اسلام آباد میں پاکستانی فضائيہ کے کمانڈ ہیڈکوارٹر کے شعبہ رابطہ عامہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ پاکستان کے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نےاسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں علاقے کے حالات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی فضائی افواج کے درمیان خاص طور پر ٹریننگ کے شعبے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
پاکستانی ایئر فورس کے شعبہ رابطہ عامہ کے بیان کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمدبابر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کے ساتھ اس ملاقات میں پاک فضائیہ کے اسٹریٹیجک ویژن کی وضاحت کی اور بتایا کہ پاکستانی ایئرفورس دنیا کی ایک ماڈرن ایئر فورس ہے ۔
پاکستان کے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابرنے فضائیہ کے شعبے میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون میں توسیع اور استحکام پر زور دیا اور کہا کہ فضائیہ کی ٹرینںگ میں تہران اور اسلام آباد کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
پاکستانی ایئر فورس کے شعبہ رابطہ عامہ کے بیان کے مطابق اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستانی فضائیہ کی پیشرفت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو قابل تعریف بتایا۔
انھوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان فوجی روابط کی تقویت میں مثبت اور سرگرم کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان ایئر فورس کی ٹرینںگ کے حوالے سے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ۔
انھوں نے اسی کے ساتھ ایران اورپاکستان کی فضائی افواج کی مشترکہ مشقوں اور سپر اںڈس 2024 بین الاقوامی مشقوں میں مشارکت کے حوالے سے ایران کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاکستانی فضائيہ کے بیان ميں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور پاکستانی ایئر فورس کے کمانڈر ایئر چـیف مارشل ظہیر احمد بابر کی یہ ملاقات دونوں ملکوں کے اٹوٹ رشتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
اس ملاقات میں پاکستانی فضائيہ کے بعض سینیئر افسران اور پاکستان میں ایران کے فوجی اتاشی کرنل محمد محسن شہابی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے ایئر چـیف مارشل ظہیر احمد بابر کی خدمت میں ایران کے آئندہ ایئر شو میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا ۔
آپ کا تبصرہ