ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، حیدرآباد، اسکردو، گلگت، پاراچنار اور لاڑکانہ سمیت اس ملک کے مختلف شہروں میں پاکستانی مسلمانوں نے نماز عیدالاضحیٰ کے پر شکوہ اجتماعات میں شرکت کی۔
پاکستان میں نماز عیدالاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد اور لاہور کی اور شاہی مسجد میں منعقد ہوا جس میں دسیوں ہزار فرزاند توحید شریک تھے۔
نمازیوں نے مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا اور صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی۔اسلام آباد کے وسط میں واقع غزہ چوک پر دھرنا دینے والوں نے بھی اسی مقام پر نماز عیدالاضحیٰ ادا کی اور لبیک یا اقصیٰ اور مردہ باد اسرائیل کے نعرے لگائے۔
پاکستان میں مقیم ایرانیوں نے بھی اپنے دینی بھائيوں کے ہمراہ اس ملک کے مختلف شہروں میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے رہائشی کمپلیکس کی مسجد میں جبکہ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں ایران کے ثقافتی مراکز میں نماز عیدالاضحیٰ کا اہتمام کیا گيا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے ہم وطنوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر غزہ کے عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائيں کریں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ اور رفح میں اسرائیلی جرائم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان عید کی ان گھڑیوں اور ایام میں فلسطین کے مظلوم عوام کو نہ بھولیں۔
پاکستان کے مذہبی رہنماؤں، سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی عیدالاضحیٰ کی آمد کے موقع پر پاکستانی عوام سے اتحاد، بھائی چارہ قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔
اس موقع پر جاری ہونے والے بیانات میں کہا گیا ہے کہ اسلام دشمن عناصر اور ان لوگوں کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں جو مسلمانوں کے درمیان تفرقے اور فتنے کے بیج بو کر دین اسلام کو بدنام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
عیدالاضحیٰ پاکستان کے شیعہ اور سنی مسلمانوں کے نزدیک خاص اہمیت کی حامل ہے۔
عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں عوامی اور مذہبی مقامات اور سرکاری عمارتوں پر چراغانی کی جاتی ہے اور لوگ نئے کپڑے پہن کر مسجدوں، عیدگاہوں اور کھلے میدان میں نماز عید ادا کرنے جاتے ہیں۔
پاکستان کے مسلمان عوام عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور جولوگ تنہا قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے وہ قربانی کے اجتماعی پروگراموں میں حصہ ڈالتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ