ارنا کے مطابق آج اتوار کی دوپہر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے کمانڈروں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فرمایا کہ خدا وند عالم کے لطف و کرم سے مسلح افواج نے اپنی طاقت وتوانائی اور اسی طرح ایرانی قوم کی قابل تعریف شبیہ پیش کی اور بین الاقوامی میدان میں ایرانی عوام کے عزم وارادے کی طاقت ثابت کردی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آرمی ڈے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی اور فرمایا کہ مسلح افواج کی حالیہ کامیابی دنیا والوں اور عالمی مبصرین کی نگاہ میں ایران اسلامی کی عظمت و شکوہ کا باعث بنی ہے ۔
آپ نے فرمایا کہ یہ بات کہ کتنے میزائل داغے گئے اور کتنے ہدف پر لگے، جس پر حریف مقابل نے توجہ مرکوز کررکھی ہے، ثانوی اور ذیلی حیثیت رکھتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اصل بات ملت ایران اور مسلح افواج کے عزم و ارادے کی طاقت کا ظہور اور بین الاقوامی میدان میں اس کا اثبات ہے اور حریف مقابل اسی بات سے تلملا رہا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مسلح افواج کے اقدامات میں تدبیر سے کام لئے جانے کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ مختلف واقعات میں کامیابی کے ساتھ قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے، اہم یہ ہے کہ ایسی تدبیر سے کام لیا جائے کہ قیمت کم آئے اور کامیابی زیادہ حاصل ہو اور یہ وہی کام ہے جو ہماری مسلح افواج نے حالیہ واقعے میں بہت اچھی طرح انجام دیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سپاہ، فوج، اور انتظامی فورس ( پولیس) کی سعی و کوشش اور کاوشوں کی قدردانی کی اور مسلح افواج سے کہا کہ دشمنیوں اور دشمنوں کے مقابلے میں ایجادات پر زیادہ توجہ دیں ۔
آپ نے مسلح افواج کو نصیحت فرمائی کہ ایک لمحے کے لئے بھی نہ رکیں کیونکہ رک جانا پیچھے کی طرف جانا ہے، بنابریں اسلحہ سازی میں ایجادات اور نئی تدابیر بروئے کار لائيں اور اسی کے ساتھ دشمن کی روشوں کو سمجھنے اور پہچاننے کو بھی اپنے ایجنڈے میں رکھیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا والوں کی نگاہ میں ایرانی قوم کی حیثیت نمایاں ہونی چاہئے فرمایا کہ خلاق اور توانا کارکنوں اور ان کی استعداد کی شناخت کے ساتھ ہی خدا وند عالم سے ہمیشہ اچھی امید رکھیں، اس پر توکل کریں اور جان لیں کہ مومنین کے دفاع کا خدا وند عالم کے وعدہ حتمی ہے اور اس کے خلاف نہیں ہوسکتا۔
آپ نے فوج ، سپاہ اور انتظامی فورس ( پولیس) کے مختلف درجے کے افسران کے گھروالوں کا خصوصیت کے ساتھ شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ اصل ذمہ داری مسلح افواج میں کام کرنے والوں کی شریک حیات اور اولاد کےکندھوں پر ہوتی ہے وہ سختیاں برداشت کرتی ہیں۔
اس ملاقات میں مسلح افواج کے کمانڈر جنرل محمد باقری نے 21 مارچ 2023 کو شروع ہوکر 20 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے ایرانی سال اور اسی طرح نئے ایرانی سال کے ( جو 20 مارچ 2024 کوشروع ہوا) ابتدائی ہفتوں کی رودادوں، نیزآپریشن طوفان الاقصی اور غاصب صیہونی حکومت کی تنبیہ کے لئے آپریشن وعدہ صادق نیز مسلح افواج کی توانائيوں اور تیاریوں کی مختصر رپورٹ پیش کی۔
آپ کا تبصرہ