ارنا کے مطابق غزہ پر 195 دن سے جاری غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 33 ہزار 970 اور زخمیوں کی تعداد 76 ہزار 770 ہوگئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے گزشتہ 24 گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں میں سات بار حملے کئے جن میں 71 فلسطینی شہید اور 106 زخمی ہوئے ۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب بھی بہت سی لاشیں مہندم ہوجانے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں جنہیں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملے جاری رہنے کی وجہ سے ابھی تک نکالنا ممکن نہیں ہوسکا ہے۔
غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ بتایا ہے کہ اس وقت شہرغزہ اور شمالی غزہ پٹی میں مختلف مہارتوں کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیموں اور فیلڈ ہاسپیٹلس کی اشد ضرورت ہے۔
فلسطین کے محکمہ صحت کے ترجمان اشرف القدر نے کہا ہے کہ ہمیں شہر غزہ اور شمالی غزہ پٹی میں، عوام کو بنیادی اور فوری طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے ایسے عارضی اسپتالوں کی ضرورت ہے جن میں آپریشن تھیٹر،اور خون وغیرہ کی جانچ کے لئے تجربہ گاہیں اور دیگر ضروری سہولیات موجود ہوں۔
اشرف القدرہ نے کہا کہ صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں اور بربریت میں، ہمارے مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹر اورطبی عملے کے افراد شہید ہوگئے ۔
آپ کا تبصرہ