ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جمعرات کو اپنے وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ۔
اس رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں غزہ کی زمینی صورتحال اور اس حوالے سے بین الاقوامی تغیرات کا جائزہ لیا گیا۔
یاد رہے کہ حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایک وفد کے ہمراہ منگل 26 مارچ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ اپنے دورہ تہران میں، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان ، ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان اور دیگر ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کرچکے ہیں۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تہران میں اسی طرح جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ اور ان کے ہمراہ تہران کے دورے پر آنے والے وفد سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
یاد رہے کہ حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایسی حالت میں تہران کے دورے پر آئے ہیں کہ سلامتی کونسل نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کا سلسلہ تقریبا چھے مہینے تک جاری رہنے کے بعد بالآخر 25 مارچ 2024 کوغزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد پاس کردی۔
اس قرار داد کے حق میں کونسل کے 15 میں سے 14 اراکین نے ووٹنگ کی اور امریکا نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
امریکا اس سے پہلے غزہ میں جنگ بندی کی تین قرار دادیں ویٹو کرچکا تھا لیکن اس بار اس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور اس کو ویٹو نہیں کیا،اور چونکہ سلامتی کونسل کے کسی بھی مستتقل رکن نے اس کی مخالفت نہیں کی اس لئے کونسل کے دس اراکین کی مجوزہ یہ قرار داد پاس ہوگئی۔
آپ کا تبصرہ