6 فروری، 2018، 11:49 AM
News ID: 3576656
T T
0 Persons
'مشہد' اور 'اسلام آباد' کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز

اسلام آباد، 6 فروری، ارنا - ایران کی نجی کمپنی اتا ایئرلائن (ATA Airlines) کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے دو اہم شہروں کے درمیان پہلی بار براہ راست پروازوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے.

تفصیلات کے مطابق، اتا ایئرلائن کی افتتاحی پرواز 10 فروری کو ایران کے مذہبی شہر 'مشہد' سے 'اسلام آباد' پہنچے گی.

ایرانی طیارہ 10 فروری بروز ہفتہ رات 10 بجے مسافروں کو لے کر مشہد سے اسلام آباد پہنچے گا جس کے بعد یہ جہاز اسلام آباد سے مسافروں کو لے کر اتوار کی علی صبح واپس مشہد چلا جائے گا.

پروگرام کے تحت، اتا ایئرلائن کی پرواز ہفتے میں ایک دن (ہفتہ) مشہد سے اسلام آباد آئے گی اور اسی شام اسلام آباد سے مشہد واپس جائے گی.

مشہد اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدت زمینی سفر کو مزید آسان بنادیا ہے. پاکستان سے ایران جانے کے لئے مسافروں کو 20 گھنٹے سے زائد زمینی سفر طے کرنا پڑتا تھا مگر اب براہ راست پروازوں کے ذریعے یہ سفر تین گھنٹے میں پورا ہوگا.

اتا ایئر لائن کی پرواز کے آغاز سے ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ پروازوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے اس سے پہلے ایران کی نجی کمپنی کیش ایئرلاین کی جانب سے تہران اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں ایک پرواز چلائی جاتی ہے، ایران ایئر کی جانب سے تہران اور کراچی کے درمیان ہر جمعرات کے روز پرواز چلائی جاتی ہے جبکہ ایران کی نجی کمپنی تابان کی مشہد اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا عمل جاری ہے جبکہ حال ہی میں ایران کی مشہور کمپنی ماہان ایئر نے بھی تہران، مشہد اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے.

اس کے علاوہ حال ہی میں پاکستانی شہر ملتان سے مشہد کی پرواز کا ابھی آغاز کیا گیا ہے.

توقع کی جاتی ہے کہ ایران اور پاکستان کے دو اہم شہروں کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا بالخصوص دونوں ممالک کی تاجر برداری اور کاروباری حلقوں میں مشترکہ سرگرمیوں کے لئے مثبت فضا قائم ہوگی.

مشہد-اسلام آباد کی براہ راست پروازوں کے ذریعے سے دونوں ممالک کے سیاحوں بالخصوص پاکستانی زائرین کے لئے سہولت فراہم ہوگی.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@