اس ضیافت میں سید عباس عراقچی نے رمضان المبارک، نوروز اور نئے ھجری شمسی سال کے ایک ساتھ اتفاق کا ذکر کرتے ہوئے خداوند متعال سے ایران اور خطے کی تمام اقوام کے لیے خیر، برکت اور خوشحالی کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان رمضان کے مقدس مہینے میں ایسے وقت میں داخل ہوئے جب کہ سب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور نسل کشی اور اس کی وحشیانہ جارحیت کا شکار ہونے والے غزہ، لبنان، شام اور یمن کے فلسطینی عوام کے دکھ اور تکلیف پر غمگین اور افسردہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے یمن کے خلاف امریکی اور برطانوی فوجی جارحیت اور بے گناہ خواتین اور بچوں کے قتل اور فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم کے تسلسل کی مذمت کی اور امید ظاہر کی کہ رمضان المبارک کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی مضبوطی، دشمن کے جرائم اور بالخصوص فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کا ادراک اور بیت المقدس میں فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے پوری قوت سے کام لیں گے۔