تہران (ارنا) سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ لبنان کے محاذ پر جنگ بندی صیہونی حکومت کے لیے اپنے مذموم مقاصد اور امیدوں کے حوالے سے ایک اسٹریٹجک اور ذلت آمیز ناکامی ہے اور یہ جنگ بندی کے آغاز اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔

 پاسداران انقلاب کے میجر جنرل حسین سلامی نے لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے نام ایک پیغام میں کہا کہ اسلامی مزاحمت اور لبنان میں حزب اللہ کی قابل فخر فتح اور صیہونی محاذ کی شیطانی اہداف کو حاصل کرنے میں ناکامی پر آپ کو، لبنان کی حکومت اور قوم کو، خاص طور پر حزب اللہ کے پرجوش اور دلیر مزاحمت کاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سلامی نے تاکید کی کہ لبنان کے محاذ پر جنگ بندی صیہونی حکومت کی ایک ذلت آمیز ناکامی ہے جو حزب اللہ کے خلاف جنگ میں اپنے کسی بھی مذموم ہدف اور شیطانی خواہش کی تکمیل کے قریب بھی نہ پھٹک سکی اور یہ جنگ بندی غزہ میں جنگ کے خاتمے کا آغاز بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے غزہ اور لبنان کے عوام کے خلاف صیہونیوں کے ظلم و ستم اور جنگی جرائم کی حمایت اور ساتھ  دینے میں اپنے وہ وسائل ضائع کر دیے جو انہیں اپنے عوام اور ملک پر خرچ کرنے چاہئیے تھے اور آخر کار نتیجہ وہ نکلا جو امام خامنہ ای نے فرمایا تھا کہ"غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم، مجرموں کی مرضی کے برعکس، مزاحمت کو مضبوط اور تیز کریں گے "