پاکستانی نیوز چینل جیو نے اپنے آن ائیر پروگراموں میں خلل ڈالتے ہوئے بریکنگ نیوز چلائی کہ دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارتی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کے بعض فوجی اہداف کو ڈرون اور میزائل حملوں سے تباہ کردیا۔
اس رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اسرائیل کے خلاف براہ راست فوجی آپریشن شروع کیا، حالانکہ امریکہ اور اردن اسرائیل کی مدد کو پہنچ گئے اور ایرانی میزائلوں اور ڈرونوں کو روک دیا۔
جیو نیوز نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کے فوجی آپریشن کے ساتھ ہی ایران کے مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر آگئے اور اس آپریشن کی کامیابی کا جشن منایا۔
انگریزی زبان کے اخبار ڈان کی ویب سائٹ نے اس بارے میں لکھا کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے دمشق میں ہونے والے حملے جس میں پاسداران انقلاب اسلامی کے 2 اعلیٰ اہلکاروں سمیت 7 فوجی مارے گئے، کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل کے خلاف ڈرون اور میزائل آپریشن کیا اور بیلسٹک میزائل ڈرون آپریشن کے بعد فائر کیے گئے۔
ڈان نے مزید کہا کہ ایران نے اسرائیل کو یکم اپریل کو دمشق میں اپنی سفارت خانے کی عمارت پر ہونے والے مہلک فضائی حملے کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی، اور واشنگٹن نے حالیہ دنوں میں بار بار خبردار کیا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے انتقامی کارروائیاں ہونے والی ہیں۔
ایکسپریس نیوز چینل نے خبر نشر کی کہ ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا اور اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اس کی فوجی اور سیکورٹی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایکسپریس نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے خطے کے بعض ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ایران کے ساتھ کسی بھی محاذ آرائی کے لیے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ تعاون کریں گے تو انہیں مناسب جواب دیا جائے گا۔
انگریزی زبان کے اخبار دی نیوز کی ویب سائٹ نے لکھا کہ ایران نے اسرائیل کے خلاف ایک بے مثال آپریشن شروع کیا، جس کے دوران ایرانی سرزمین سے اسرائیل کے اہداف پر سو سے زائد میزائل اور ڈرون فائر کیے۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد، تہران نے ایک بار پھر واشنگٹن کو خبردار کیا کہ وہ ملوث نہ ہو۔
نیوز چینل دنیا نیوز نے اپنی بریکنگ نیوز میں بتایا کہ ایران نے میزائل اور ڈرون برسا کر اسرائیل کے خلاف اپنے فوجیوں کے خون کا بدلہ لے لیا۔ اسرائیل کی تیاری اور امریکہ کی مدد کے باوجود درجنوں ایرانی ڈرون اور میزائل مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر آگرے۔
صیہونی حکومت کے خلاف سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بہادرانہ آپریشن کے ساتھ ہی، پاکستان میں سوشل نیٹ ورکس بشمول X (سابقہ ٹویٹر) نے ایران کی ڈرون اور میزائل کارروائیوں اور اس کے کامیاب حملوں سے متعلق ویڈیوز جاری کیں۔