تہران (ارنا) صدر ایران مسعود پزشکیان نے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

18 مئی 2025 بروز اتوار "تہران ڈائیلاگ فورم 2025" کے اجلاس کے موقع پر، سلطنت عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ ملاقات میں، صدر ایران مسعود پزشکیان نے عمان - ایران دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان بالواستہ مذاکرات کے سلسلے میں حکومت عمان کی بہترین میزبانی، مثبت کردار، پرعزم اور مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی۔

صدر ایران نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سلطان ھیثم بن طارق کی مخلصانہ اور انتھک کوششوں سے یہ مذاکرات ایک منصفانہ معاہدے پر منتج ہوں گے جو خطے میں پائیدار امن و استحکام کا باعث ہونگے۔

اسلامی ممالک کے درمیان ذیادہ سے ذیادہ ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، صدر نے کہا کہ مسلمان ممالک جتنا ذیادہ ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور انکا آپسی تعاون وسیع ہوگا، تفرقہ اور دشمنی کے بیج بونے والے اتنا ہی مایوس ہونگے۔

پزشکیان نے ایران کی جانب سے تجارتی، سیاسی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں اسلامی ممالک بالخصوص برادر ملک عمان کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آئندہ ہفتہ دورہ عمان دونوں ممالک کے درمیان جامع اور وسیع تعلقات کے حوالے سے ایک اہم موڑ ثابت ہوگا جس سے دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

صدر ایران نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ خطے کے ممالک کے درمیان زیادہ تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک ایسا خطہ تعمیر کیا جا سکتا ہے جہاں کے لوگ خوشحالی، سکون اور انصاف کے ساتھ زندگی بسر کریں۔