ارنا کے سیاسی نامہ نگار کے مطابق، آج بروز جمعہ 27 رمضان المبارک 1446 ہجری کو تہران اور دیگر شہروں میں عالمی یوم قدس مارچ کا آغاز ہوا۔ تہران میں "مرگ بر امریکہ" اور "مرگ بر اسرائیل" کے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین مختلف راستوں سے تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ کے اجتماع کے کی طرف مارچ کر رہے ہیں۔
نیشنل اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، تہران میں یوم القدس مارچ کے اسپیکر ہیں اور تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ کی امامت آیت اللہ سید احمد خاتمی کریں گے۔
6 اگست 1979 کو امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم قدس کے نام سے موسوم کیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور اسلامی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دن صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف ایک آواز ہوکر مظاہرہ کریں تاکہ فلسطینی عوام کی سرزمین سے صیہونی حکومت کو نکالا جا سکے۔
انقلاب اسلامی ایران کے بانی نے یوم قدس کو اسلام کے احیاء، مظلوموں کو استکبار کے مقابلے میں مسلح کرنے اور ان کا مقابلہ کرنے اور قدس کو بچانے کے لیے مسلمانوں کی کوششوں کا دن قرار دیا۔
امام خمینی (رح) نے یوم قدس کے بارے میں کہا تھا کہ یوم قدس صرف فلسطینیوں کا دن نہیں ہے، یہ اسلام کا دن ہے، اسلامی حکومت کا دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جب پوری دنیا میں اسلامی جمہوریہ کا پرچم بلند ہونا چاہیے۔ یہ وہ دن ہے جب سپر پاورز کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ اسلامی ممالک میں مزید آگے نہیں بڑھ سکتے۔ میں یوم قدس کو اسلام کا دن اور پیغمبر اکرم (ص) کا دن سمجھتا ہوں اور یہ وہ دن ہے جب ہمیں اپنی تمام قوتوں سے لیس ہونا چاہیے۔