تہران (ارنا) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج (اتوار) دمشق کے علاقے زینبیہ میں ایک رہائشی عمارت پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ارنا کے مطابق اسماعیل بقائی نے شام کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے خلاف قابض حکومت کے پے درپے فوجی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی طرف سے جاری نسل کشی اور لبنان کے خلاف جارحیت امریکہ اور بعض دیگر یورپی ممالک کی حمایت کا نتیجہ ہے۔

فلسطینیوں کی نسل کشی کے حوالے سے متعلقہ بین الاقوامی اداروں کی بے عملی، نیز لبنان و شام کے خلاف صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری سے صیہونی حکومت کے خلاف عملی اور موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نہ صرف اس حکومت پر ہتھیاروں کی پابندی اور اقوام متحدہ سے اس کا اخراج لازمی ہے بلکہ اسپر مقدمہ چلا کر قرار واقعی سزا بھی دی جائے۔