صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے منگل کی سہ پہر عراقی صدر عبداللطیف رشید سے ٹیلیفون پر بات چیت میں عراقی حکومت اور قوم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں قوموں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کو ضروری قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے سال میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی سطح کو ہر ممکن حد تک بہتر کیا جائے۔
صدر مملکت نے ایران اور عراق، عالم اسلام اور دنیا کے تمام آزاد انسانوں کے درمیان سب سے اہم مشترکہ مسئلہ، غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم اور مظالم پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے تمام مسلمانوں کی مذہبی اور انسانی ذمہ داری قرار دیا کہ وہ تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس مظلوم قوم کی نسل کشی کو روکیں۔
اس ٹیلی فونک گفتگو میں عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے رہبر انقلاب اسلامی، صدر مملکت، حکومت اور ایرانی عوام کو عید الفطر کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران و عراق کے تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کی تاکید کی۔