ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ فلسطینی قوم اور خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے لہذا جن کے ہاتھ بالواسطہ یا بلاواسطہ فلسطینی قوم کے خون سے رنگے ہوئے ہیں وہ اسلامی جمہوریہ ایران پر تبصرہ کرنے کا حق نہیں رکھتے۔

ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کو غاصب صیہونی حکومت کے سرطانی ٹیومر کی تشکیل میں اپنی تاریخی ذمہ داری کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے اور خطے میں جرائم کی حمایت جاری رکھنے کی عادت برطانوی حکومت کی سٹریٹجک غلطیوں کا حصہ ہے۔ ہم برطانوی حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے تاریخی ماضی سے سبق سیکھے اور صیہونی حکومت کی حمایت کی پالیسی ترک کرے۔

کنعانی نے کہا کہ صیہونی حکومت کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران پر الزامات عائد کرنا برطانوی حکومت کی غلط کارکردگی سے عوام کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق اور شام پر حالیہ حملے کے دوران IRGC کی قدس فورس پر حملہ کرنے کے  Centcom کے دعوے کی بھی تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ شام میں ایران کی موجودگی مشاورتی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مطابق اور شامی حکومت کی طرف سے سرکاری دعوت کے فریم ورک کے اندر ہے اور امریکی کاروائی عراق، شام اور یمن سمیت خطے کے 3 ممالک کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔

کنعانی نے کہا کہ امریکہ کا دعویٰ باطل ہے اور وہ ایران پر بعض الزامات لگا کر اپنے اقدام کو درست ثابت نہیں کر سکتا جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور خطے کے ممالک کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔