ارنا کے مطابق، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیک بائیف، جو "تہران ڈائیلاگ فورم" میں شرکت کے لیے تہران میں موجود ہیں، نے اتوار کے روز ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں، وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اس تنظیم کو متحرک کرنے میں سیکریٹریٹ اور سیکریٹری جنرل کے کردار، تعلقات کو مضبوط بنانے، اقتصادی صلاحیتوں کو بڑھانے، رکن ممالک کے درمیان بعض مسائل کے حل میں مدد اور دیگر بااثر تنظیمیں جیسے BRICS، ECO اور D8 کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیک بائیف نے اپنے دورہ تہران اور تہران ڈائیلاگ فورم کے اجلاسوں میں شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجلاس میں شریک ممالک بالخصوص شنگھائی اراکین کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
چین کے زیر صدارت تنظیم کے آئندہ متعدد پروگراموں کے بارے میں، انہوں نے رکن ممالک بالخصوص ایران کے ساتھ شنگھائی سیکرٹریٹ کے تعاون پر زور دیا اور ایران کی طرف سے کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پیش کی گئی تجاویز (جس میں شنگھائی اور برکس کے درمیان تعاون بھی شامل ہے) کا خیر مقدم کیا۔