تہران/ ارنا- ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے عمان میں جاری ایران اور امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات کے بارے میں بعض ذرائع ابلاغ کے افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ روئیٹرز سمیت بعض ذرائع ابلاغ، نامعلوم "باخبر ذرائع"، "مذاکرات کاروں سے قریب افراد" حتی کہ عمانی عہدے داروں کا حوالہ دیکر افواہیں پھیلا رہے ہیں اور گمراہ کن رپورٹیں پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان بے بنیاد خبروں کی ایک وجہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اہم پوزیشن ہے اور ایک وجہ ان ذرائع ابلاغ کی جانبدارانہ پالیسیاں ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران ان میڈیا حربوں سے آشنا ہے اور ان سے متاثر نہیں ہوتا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ عمانی عہدے دار بخوبی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور ہمیشہ کی مانند انتہائی ماہرانہ انداز میں ان فرائض کو پورا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ابتدا سے ہی اپنا واحد ہدف پیش کردیا ہے اور وہ ہے ایران کے قومی مفادات کا حصول جس کے لیے سفارتکاری کو ایک حقیقی اور سچا موقع پیش کیا گیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے مذاکرات کی مدت کے بارے میں بتایا کہ یہ تو ایک ابتدا ہے اور اس مرحلے میں فریقین عمانی ثالثوں کے ذریعے اپنے بنیادی موقف پیش کریں گے لہذا بالواسطہ گفتگو کا یہ دور زیادہ طویل نہیں ہوگا۔