ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے 25 فروری کو روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات اور بات چیت کی۔
ارنا کے مطابق، روس کے وزیر خارجہ نے عراقچی کی دعوت پر تہران کا دورہ کیا جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے کو نافذ کرنے پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ایران اور روس کے صدر نے 17 جنوری 2025 کو تہران ماسکو تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے اس دورہ کی اہمیت اور اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات میں مختلف مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور آراء کا تبادلہ کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی روسی وزیر خارجہ کے دورہ تہران کو اسلامی جمہوریہ ایران اور روسی فیڈریشن کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔
روسی وزارت خارجہ نے لاوروف کے دورہ تہران کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے تہران میں وزیر خارجہ کی گفتگو کے موضوعات کے بارے میں کہا کہ توقع ہے کہ فریقین شام، جنوبی قفقاز، افغانستان، یمن، خلیج فارس، مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے حل سمیت اہم بین الاقوامی مسائل، ایران کے جوہری پروگرام کے ایکشن پلان (JCPOA) پر تبادلہ خیال کریں گے۔