ارنا کے مطابق, وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے بدھ کی شب ٹیلیفونک گفتگو میں غزہ اور مغربی کنارے کی تازہ ترین صورتحال اور فلسطین کے خلاف صیہونی حکومت کی موجودہ جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے غزہ اور مغربی کنارے میں خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی حکومت کی طرف سے جنگی جرائم اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کرانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام تک وسیع پیمانے پر انسانی امداد بھیجنے پر بھی زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے باشندوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کے حملوں کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے غزہ اور غرب اردن کے بارے میں سلامتی کونسل کی مجوزہ قرار داد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس ٹیلی فونک گفتگو میں امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسلامی مزاحمت نے اب تک اسرائیلی حکومت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور آنے والے دن اسرائیلی حکومت کے لیے بہت بھیانک ثابت ہوں گے۔