اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں محکمہ توانائی کی جانب سے ایران کی توانیر کمپنی کے ساتھ 104 میگا واٹ بجلی کی خریداری کے نئے معاہدے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
ایران کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کا نیا منصوبہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے اسلام آباد اور کراچی کے دورے کے بعد سامنے آیا ہے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران ایران کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے بارے میں اہم بات چیت کی ہے اور ان کا خیال ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل دونوں طرف کے عوام کے مفادات کے عین مطابق ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں سال اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پولان- گبد پاور ٹرانسمیشن لائن اور پہلے مشترکہ سرحدی بازار کا افتتاح کیا تھا۔