ارنا کے مطابق، علی اکبر احمدیان نے پیر کے روز مشیرِ قومی سلامتی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں ایران اور پاکستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کی خصوصی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک آپسی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔
اس گفتگو میں احمدی نے عاصم ملک کو قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک اپنی مشترکہ سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی سے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ خطے کے عوام کے امن کو دشمنوں کا بازیچہ نہیں بننے دیں گے۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون خطے کے مفادات اور سلامتی کے لیے اہم ہے اور یہ تعاون مضبوطی کے ساتھ جاری رہے گا۔
اس گفتگو میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور دونوں ممالک کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل عاصم ملک نے خطے میں ایران کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے سیاسی، سیکورٹی اور سماجی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔