تہران (ارنا) رہبر انقلاب اسلامی ایران نے کہا کہ میں پیشین گوئی کرتا ہوں کہ شام میں بھی ایک مضبوط اور باسعادت گروہ کا ظہور ہوگا۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت با سعادت اور امام خمینی (رح) کی یوم ولادت کے موقع پر اہل بیت کے مداحوں کے ایک گروپ نے ایک گھنٹہ قبل رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ ہر سال کی طرح آج بھی رہبر نے ان سے خطاب کیا۔

رہبرکی تقریر کے اہم ترین نکات درج ذیل ہیں:

  • دوسرے ممالک پر غلبہ حاصل کرنے کا امریکی منصوبہ دو چیزوں میں سے ایک پر مشتمل ہے: یا تو ظلم و استبداد یا افراتفری پھیلانا
  •  انہوں نے شام میں افراتفری پھیلائی اور اب وہ سمجھتے ہیں کہ وہ جیت گئے۔
  • ایک امریکی عنصر خفیہ طور پر کہ رہا ہے کہ جو بھی ایران میں فساد کرے گا ہم اس کی مدد کریں گے۔ احمقوں نے کھانے  کی بو سونگھی ہے!
  • جو کوئی اس حوالے سے امریکی زورگیری کو قبول کرے گا ایرانی قوم اسے روند ڈالے گی۔
  • وہ بار بار کہ رہے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ خطے میں اپنی نمائندہ یا نائب قوتوں سے محروم ہو گیا! یہ ایک اور غلطی ہے! اسلامی جمہوریہ کے پاس کوئی نمائندہ فورس نہیں ہے۔
  • یمن لڑرہا ہے کیونکہ اس میں ایمان ہے۔ حزب اللہ لڑرہی ہے کیونکہ ایمان کی طاقت اسے میدان میں لاتی ہے۔ حماس اور جہاد اس لیے لڑتے ہیں کہ ان کا عقیدہ انھیں ایسا کرنے پر مجبور کرتا ہے، وہ ہماری نمائندگی نہیں کرتے۔
  • اگر ہم وارد عمل ہونا چاہیں تو ہمیں کسی پراکسی یا نمائندہ فورس کی ضرورت نہیں ہے۔
  • میں پیش گوئی کرتا ہوں کہ شام میں بھی ایک مضبوط اور باسعادت گروہ کا ظہور ہوگا۔
  • شام کے نوجوان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ انکی یونیورسٹیاں غیر محفوظ، ان کے اسکول غیر محفوظ، ان کے گھر غیر محفوظ، ان کے گلی محلے غیر محفوظ، ان کی زندگی غیر محفوظ، وہ کیا کریں؟ ہمیں ان عناصر کے خلاف پوری طاقت اور عزم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے جنہوں نے اس عدم تحفظ کا منصوبہ بنایا اور جنہوں نے اس پر عمل کیا، اور انشاء اللہ وہ عناصر شکست کھائیں گے۔
  • اللہ کے فضل سے کل یہ خطہ آج سے بہتر ہو گا۔
  • صیہونی جیتنے کی اداکاری کرتے ہیں، فاتح لوگوں کا سا انداز بناتے ہیں اور باتیں کرتے ہیں۔ وہ جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں۔
  • بدبختوں تم کہاں جیتے ہو؟کیا غزہ میں جیت گئے؟ 40,000 عورتوں اور بچوں  کو بم دھماکوں سے قتل کرنا اور ان مقاصد میں سے کسی ایک کا ذرہ برابر بھی پورا نہ کرنا جن کا اعلان کیا تھا، کیا یہ فتح ہے؟ کیا تم حماس کو تباہ کرپائے؟ کیا تم نے غزہ سے اپنے قیدیوں کو رہا کرالیا؟
  •  تم نے کہا کہ حزب اللہ کو تباہ کرنا چاہتے ہو، تم نے سید حسن نصر اللہ جیسے عظیم انسان کو شہید کیا، کیا تم حزب اللہ کو ختم کر پائے؟ حزب اللہ زندہ ہے، فلسطینی مزاحمت زندہ ہے، حماس زندہ ہے، جہاد زندہ ہے، تم فاتح نہیں، تم شکست خوردہ ہو۔
  • شام میں تمہارے سامنے کوئی فوجی نہیں تھا لہذا تم اپنے ٹینکوں اور فوجی سازوسامان کے ساتھ چند کلومیٹر تک دراندازی کر پائے، یہ فتح نہیں تھی۔ یہ فتح نہیں ہے۔ بلاشبہ شام کے بہادر اور غیرت مند جوان تم کو یہاں سے ضرور نکال باہر کریں گے۔