تہران (IRNA) سعودی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی اپنے ایرانی ہم منصب جنرل محمد باقری سے ملاقات اور گفتگو کی۔

ایران کی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے حوالے ارنا کی رپورٹ کے مطابق سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے اتوار کے روز تہران میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ مشترکہ اقدار اور توانائيوں کے پیش نظر دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔  

ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف نے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کی سطح کو بہتر بنانے اور تعلیمی و تربیت کے میدان میں تجربات کے تبادلے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ سعودی بحریہ کی آئندہ سال ایران کی بحری مشقوں میں حصہ لے یا مبصر کی حیثیت سے شریک ہو۔

میجر جنرل باقری نے سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد کے بارے میں کہا کہ اسلامی ممالک کے اتحاد  کےحوالے سے اس اجلاس کا انعقاد ایک قابل تعریف قدم ہے۔

ایران اور سعودی عرب کے فوجی سربراہوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ دفاعی اور فوجی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر غور کے ساتھ ساتھ  مسئلہ فلسطین کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے ایرانی مسلح افواج کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی سطح میں بہتری  کے مواقع موجود ہیں۔

جنرل الرویلی نے کہا کہ بیجنگ معاہدہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان  دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ایک اچھی بنیاد ہے اور ہم اس معاہدے کو ایک اسٹریٹجک موقع سمجھتے ہیں۔

انہوں نے خطے کے ممالک کے درمیان اتحاد کے حوالے  سے سعودی عرب اور ایران کے کردار کو اہم بتایا اور تہران ریاض دفاعی اور سفارتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد باقری کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دی۔

دفاعی سفارت کاری کا فروغ اور دوطرفہ تعان کو مضبوط بنانا ایران اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے سربراہوں کے درمیان بات چیت کے ایجنڈے میں شامل تھا۔

سعودی عرب کے چیف آف اسٹاف اتوار کی شام ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے ہیں۔