سید عباس عراقچی نے اسلام آباد پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ حساس حالات میں خطے کے ممالک کے وقتاً فوقتاً دورے کیے ہیں، اور ہمارے لیے آخری مرحلے میں پاکستان کا دورہ خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور خاص تعلقات ہیں جن کی جڑیں مضبوط ہیں۔ عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے ساتھ ساتھ وسیع سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط بھی ہیں۔
عراقچی نے تاکید کی کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے روابط ہمیشہ برادرانہ اور دوستانہ رہے ہیں اور اس دورے میں ہم باہمی تعلقات اور ہمہ جہتی تعاون کے فروغ پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سفر کے دوران، ہم اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ صیہونی حکومت کی جارحیت کے خطرات اور خطے میں بحران سمیت علاقائی پیش رفت پر بات کریں گے کہ ان خطرات سے کیسے نمٹا جائے اور خطے میں کشیدگی کو کیسے کم کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اور پاکستانی وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے علاوہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔