تہران (ارنا) رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بہت سے ماہرین واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ان دنوں دنیا میں فلسطین کے حق میں جو تحریکیں چل رہی ہیں، وہ انقلاب اسلامی کی نظریاتی اساس سے متاثر ہیں۔

IRNA کے مطابق، یہ بات آپ نے گزشتہ دنوں شہدائے تہران کی یاد میں منعقدہ سالانہ کانگریس کے منتظمین سے ملاقات میں کہی جسے آج شام اس کانگریس کے دوران دوبارہ نشر کیا گیا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس موقع پر فرمایا کہ دفاع مقدس کے دوران ایرانیوں کی مجاہدت کے نتیجے میں آج مزاحمت کا پیغام ساری دنیا میں پھیل گيا ہے اور بہت سے ماہرین  واضح  طور کہہ رہے  ہیں کہ ان دنوں دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت میں چلنے والی تحریکیں اسلامی انقلاب کی روح سے ماخوذ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ آج دنیا بھر فلسطین کی حمایت میں جس طرح کے نعرے اور موقف سامنے آرہے ہیں وہ امام (رح) کے موقف اور نعروں سے ماخوذ  ہیں اور ایرانی عوام کے دلوں سے اٹھنے والی یہ آواز آج ساری دنیا میں پھیل گئی ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطینی عوام کی حمایت میں امریکی طلبہ کی تحریک کو ایرانی قوم کی تحریک کی برکات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین کی حمایت میں امریکی طلبہ کی یہ تحریک اس مقام پر آگئی ہے جہاں حکومت امریکہ اپنے تمام دعوؤں اور نعروں سے روگردانی کر رہی ہے اور امریکی پولیس عوام کی نگاہوں کے سامنے طلبہ اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔