وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا: آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان تعاون صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور ہم آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی کے دورہ ایران کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے ذمہ دار جوزپ بورل سے ایک ٹیلی فونی گفتگو میں یورپی یونین اور ایران کے تعلقات نیز علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے غزہ کے خلاف جنگ میں اسرائيل کی جانب سے جرائم اور نسل کشی کو فوری طور پر ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینیوں کی مرضی اور قانونی حقوق کو مد نظ رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کو سنجیدہ رول ادا کرنا چاہیے اور علاقائی اور عالمی سطح پر اس سلسلے میں اقدامات بے حد ضروری ہيں۔
وزیر خارجہ نے علاقے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاسداران انقلاب اسلامی فوج کے تعمیری رول کا ذکر کیا اور کہا کہ یورپی یونین کو بین الاقوامی قوانین کے تناظر میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا احترام ملحوظ رکھنا چاہیے۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں جوزپ بورل نے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لئے عالمی سطح پر شدید ہوتے مطالبے کا ذکر کیا اور کہا کہ تمام فریقوں کو خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے توسط سے پائیدار امن پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
انہوں نے اسی طرح علاقے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن میں ایران کے تعمیر رول کا خیر مقدم کیا ہے۔