سید ابراہیم رئیسی نے پیر کے روز قفقاز تعاون گروپ کے اجلاس میں شرکت کے لیے تہران کا سفر کرنے والے آرمینیا کے وزیر خارجہ اررات مرزویان سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں سید ابراہیم رئیسی نے قفقاز کے علاقے کی سلامتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں بیرونی مداخلت کو علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ ایران جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان موجودہ تنازعات کے حل میں مدد کے لیے تیار ہے۔
ایران کے صدر نے قفقاز ممالک کی سلامتی کو ایران کی سلامتی قرار دیا۔ انہوں نے اس خطے کے ممالک کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے میں امریکہ، صیہونی حکومت اور مغربی ممالک کے تباہ کن کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم اور امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کی طرف سے ان جرائم کی حمایت تمام ممالک کے لیے ایک سبق ہے کہ یہ غاصب حکومتیں کبھی کسی کی حقیقی دوست نہیں ہو سکتیں۔
اس ملاقات میں اررات مرزویان نے صدر ایران کے واضح اور مضبوط موقف کو سراہتے ہوئے خطے کے ممالک کے درمیان ملاقاتوں اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
آرمینیا کے وزیر خارجہ نے غزہ کے عام شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں پر حملوں میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے بارے میں آرمینیا کا موقف اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کے عین مطابق ہے۔