حزب اللہ لبنان کے جاری کردہ بیان کے مطابق پہلے حملے میں اسرائيل کے العباد نامی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گيا جبکہ دوسرا حملہ حنیتا نامی فوجی اڈے پر کیا گيا جس کے نتیجے میں مذکورہ اڈوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے اور وہاں نصب فنی آلات تباہ ہوگئے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق مقبوضہ حنین میں قائم اسرائيلی فوج کے ہراول دستے کی بیرکوں کو بھی گائيڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گيا جس میں دشمن کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔
حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ جنوبی سرحدوں پر ہماری کاروائياں محدود ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر ان کی شدت اور رفتار میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب المیادین ٹیلی ویژن نے بتایا ہے کہ عراقی کردستان ریجن کے شہراربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع امریکی فوجی اڈے میں دھماکے کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
ابھی تک اس دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
اس سے پہلے عراق کے صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد نامی امریکی فوجی اڈے کو ایک ہفتے میں دوسری بار نشانہ بنایا گيا اور اس کے محض چند گھنٹے بعد اربیل میں قائم امریکی فوجی اڈے میں دھماکے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر بمباری کے بعد عراق کی اسلامی مزاحمت نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ عراق میں اس کے اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔