ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے دورہ نیویارک کے دوران امریکی میڈیا کے اہم عہدیداروں اور ایڈیٹر کے ساتھ کھل کر بات چیت کی۔
امریکی میڈیا ایڈیٹرز نے ایران کے منجمد اثاثوں کے ریلیز، تہران اور واشنگٹن کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور ایران اور امریکہ کے درمیان دیگر معاہدوں کے امکانات، پڑوسیوں خصوصا مصر، بحرین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ ایران کے تعلقات کے مستقبل سمیت دیگر مسائل پر سوالات کئے۔
صدر ایران نے تمام سوالات کے جوابات نہایت اطمینان اور تحمل کے ساتھ دیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکیوں نے حساب کتاب میں غلطی نہ کی ہوتی تو قیدیوں کا تبادلہ ایک سال پہلے ہو سکتا تھا۔
سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور ایران کے ضبط شدہ اثاثوں کی رہائی کے حوالے سے قطر اور عمان کے کردار کو سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا۔