روس کے وزیر خارجہ نے 3 ایرانی جزائر کے بارے میں ماسکو کے حالیہ موقف کے بارے میں اپنے ایرانی ہم منصب کی شکایت کے جواب میں کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا مکمل احترام کرتا ہے اور اس بارے میں شک و شبہے کی کوئي گنجائش نہیں ہے۔
تہران- ارنا – ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے منگل کے روز ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا اور دیگر ملکوں کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے احترام پر زور دیا۔
فریقین نے تہران ماسکو تعلقات کو پیشرفت کا حامل قرار دیا اور اپنے اپنے ملکوں کے صدور کی جانب سے باہمی تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے روس اور خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے مشترکہ بیان میں 3 ایرانی جزائر سے متعلق شق پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے ساتھ مذکورہ جزائر کے تاریخی اور ابدی تعلق پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، اپنی آزادی، خودمختاری اور ارضی سالمیت پر کسی سے مذاکرات نہیں کرے گا۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے ایران اور روس کے تعلقات کو مضبوط بنیادوں کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایسے اقدام سے گریز کیا جانا چاہیے جس سے دونوں ممالک کے درمیان قائم گہرے تعلقات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔
روس کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک دیگر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ملکوں کی ارضی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔
سرگئی لاؤ روف نے یہ بات زور دے کرکہی کہ روس، ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے مکمل احترام پر پختہ یقین رکھتا ہے اور اس میں کسی قسم کے شک و شبہے کی گنجائش نہیں۔
فریقین نے باہمی تعلقات کے احترام اور اسے مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ایران اور روس کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کو حتمی شکل دیئے جانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔