ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید عوض گلدی یوویچ مردوف نے جو تہران کے دورے پر ہیں، بدھ کی دوپہر کو صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ قربت پر مبنی تعلقات پر زور دیا اور کہا کہ ترکمانستان کے سربراہ سے ٹیلی فونی گفتگو کے بعد، عشق آباد کے ساتھ تعاون میں فروغ اور مشترکہ منصوبوں کی رفتار بڑھانے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
صدر پزشکیان نے تہران میں بحیرہ خزر کے گرد واقع ممالک کے وزرائے اعظم کے اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اجلاس کے دوران تعاون میں مزید اضافے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس موقع پر رشید مردوف نے بھی تہران اور عشق آباد کے مابین گہرے تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے ذریعے تجارتی اور معاشی تعلقات میں فروغ کے راستوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے صدر پزشکیان کو آئندہ دنوں ترکمانستان میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی امن و اعتماد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور اعلان کیا کہ تہران میں منعقد ہونے والے بحیرہ خزر اجلاس میں، ترکمانستان ایک اعلی سطحی وفد کے تحت شامل ہوگا۔