دو طرفہ تعلقات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور دفاعی اور فوجی تعاون کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی غرض سے پاسداران انقلاب اسلامی کا 4 جہازوں پر مشتمل بحری بیڑہ شارجہ کی خالد بندرگاہ میں داخل ہوا جہاں اماراتی بحری یونٹوں، ایرانی سفیر رضا عامری، نیول بیس کمانڈر جبل علی اور اماراتی افسران کے ایک گروپ نے اسکا استقبال کیا۔
فلوٹیلا کی باضابطہ استقبالیہ تقریب متحدہ عرب امارات کے نائب معاون وزیر دفاع، فوجی حکام، متعدد سفارت کاروں اور فوجیوں کی موجودگی میں شہید رئیسعلی دلواری جہاز کے عرشے پر منعقد ہوئی۔
متحدہ عرب امارات کے ساحلوں پر پہلی بار اس فلوٹیلا کی آمد اسلامی جمہوریہ ایران کی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تعلقات کا فروغ، تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور علاقائی حکمت عملی کے مطابق دونوں ممالک کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔
قبل ازیں اس سلسلے میں سپاہ( IRGC) کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علیرضا تنگسیری نے کل 14ویں IRGC مالک اشتر فیسٹیول کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ IRGC بحریہ اور فوج کے 4 بحری جہاز متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا دوطرفہ تعاون میں یہ پہلا موقع ہے اور ہم کئی بار کہہ چکے ہیں کہ خطے کے ممالک مل جل کر خطے کی سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں اور غیر ملکیوں کی موجودگی کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔