اسلام آباد (ارنا) پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ خصوصی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے بارے میں کہا کہ ہمارا مقصد سرحدوں پر امن و سلامتی ہے اور اسلام آباد دہشت گردی کے خلاف ایران کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پر عزم ہے۔

آج (جمعرات) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ممتاز زہرا نے IRNA کے رپورٹر کے سوال کے جواب میں کہا کہ حالیہ مہینوں میں پاک ایران فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی دو طرفہ تعاون میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے پاکستان کے نائب وزیر داخلہ کی موجودگی میں تہران میں پاک ایران  11ویں خصوصی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے حوالے سے کہا کہ ہم دہشت گردی کے مشترکہ خطرے پر قابو پانے کے لیے ایران میں اپنے دوستوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ممتاز زہرا نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ معاہدوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے اور ہمارا مشترکہ حدف سرحدوں پر سلامتی اور پائیدار امن کا قیام ہے۔