قاہرہ (IRNA) اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے دارالحکومت قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔

ارنا کے خارجہ امور خارجہ  کے نامہ نگار کے مطابق سید عباس عراقچی نے آج جمعرات 26 اکتوبر کو مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں اہم ترین علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گيا۔

ایران کے وزیر خارجہ اور مصر کے صدر کے درمیان ہونے وا لی ملاقات میں خطے  کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے مفید بات چیت اور مشاورت انجام پائي۔

دونوں فریقوں نے غزہ میں جاری صیہونی جرائم اور لبنان کے خلاف جارحیت بند کرانے، پناہگزینوں کی امداد کو یقینی بنانے اور اسرائیل کے جنگی جنون کی روک تھا کے لیے اجتماعی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

مصر کے صدر نے اس سلسلے میں ایران کی سفارت کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے لبنان اور شام کے عوام کی مشکلات ختم کرانے کی غرض سے دونوں ملکوں کے درمیان علاقائي اور عالمی فورموں پر تعاون نیز دو طرفہ صلاح و مشورے کا سلسلہ جاری رکھنےکی ضرورت پر زور دیا۔

  اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سے ملاقات میں خطے صورتحال اور بالخصوص غزہ اور لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ غزہ اور لبنان کے خلاف جاری صیہونی جارحیت کی روک تھام کی غرض سے علاقائی ملکوں کے دورے پر ہیں۔ وہ اس سے پہلے 7 ملکوں لبنان، شام، سعودی عرب، قطر، عراق عمان اور اردن کا دورہ کرچکے ہیں۔