نیویارک – ارنا – اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں صیہونی حکومت کی جارحیتیں بند کرائی جائيں

ارنا کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے نیویارک کے  مقامی وقت کے مطابق جمعے کو سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں 17 اور 18 ستمبر کو لبنان میں غاصب صیہونی حکومت کی وسیع دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کی۔

 انھوں نے کہا کہ ان کارروائیوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، بین الاقوامی قوانین کی کھلے عام دھجیاں اڑائی گئيں، انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسان دوستانہ اصول وضوابط کو پامال کیا گیا اور وسیع پیمانے پر انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔

 اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران غاصب صیہونی حکومت کے ان ہولناک جرائم کی مذمت کرتا ہے اور خطے میں اس جرائم پیشہ حکومت کی جارحیتوں کا سلسلہ روکنے کے لئے ضروری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے 17 اور 18 ستمبر کو لبنان میں پیجرس اور دیگر مواصلاتی آلات کے ذریعے دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیں جن میں 37 افراد شہید اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

   اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے اپنے خطاب میں شام کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے  کہا کہ ہم ایک بار پھر بحران شام کے سیاسی حل پر زور دیتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ شام کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کا احترام اور یہاں سے امریکی فوج سمیت سبھی غیر قانونی بیرونی افواج کا اںخلا ضروری ہے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے اپنی شکست خوردہ اور غیر انسانی یک طرفہ پابندیوں کی پالیسی جاری رکھی ہے اور اس سے وہ شام کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کے ایک حربے کا کام لے رہے ہیں۔  

انھوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں، ان غیر انسانی اقدامات کو روکا جائے کیونکہ ان سے شام کے عوام کو غیر ضروری سختیوں کا سامنا ہے اور یہ پابندیاں شامی عوام کے رفاہ میں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔