ایرنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان لبنان میں صیہونی حکومت کے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعض زخمیوں کی عیادت کے لیے تہران کے فارابی آئی اسپتال گئے اور زخمیوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے علاج معالجے کی صورتحال کا قریب سے مشاہدہ کیا اور اسپتال کے عملے کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔
تہران میں متعین لبنان کے سفیر بھی صدر ایران کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
قابل ذکر ہے کہ لبنان میں صیہونی حکومت کے حالیہ دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو علاج کےلیے جمعے کو تہران منتقل کیا گيا ہے۔
لبنان میں منگل اور بدھ - 27 اور 28 ستمبر کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران صیہونی حکومت نے مواصلاتی نظام میں رسوخ کرکے ہزاروں پیجرز، وائرلیس اور دوسرے مواصلاتی آلات میں دھماکے کیے تھے جس میں کم از کم 37 لبنانی شہری شہید اور 4 ہزار سے زائد کو زخمی ہوگئے تھے۔