ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یہ بات جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو کے دوران مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے امریکی پابندیوں اور یورپ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ واشنگٹن کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے اور یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے اقدامات ضرور انجام دے گي لیکن ایسا صرف اس صورت میں ممکن ہے جب وہ ( امریکہ اور یورپ ) دشمنی سے دستبردار ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال اور پابندیوں کے خاتمے کی کوشش جاری رکھے گي۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ کے روبرو دیئے گئے اپنے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہم ٹھوس، سنجیدہ اور واضح ٹائم فریم کے اندر مذاکرات کے ذریعے تمام پابندیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن ملک بنیادی پالیسیوں اور اصولوں سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔