تہران - ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے دنیا بھر کے اسپیکروں ، سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام ایک پیغام میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کے سد باب کی ذمہ دار قرار دیا کہ جو امریکہ کی براہ راست حمایت سے جاری ہے۔

محمد باقر قالیباف نے دنیا کی پارلیمانوں کے  سربراہوں کے نام ایک پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے لیے سنجیدہ اور فوری اقدام کرنے کی پابند ہے جو  امریکہ اور کچھ مغربی ممالک کی براہ راست اور وسیع  حمایت سے غزہ  میں صیہونی حکومت کی جانب سے کئے جا رہے ہيں ۔

اس پیغام کے ایک حصے میں کہا گیا ہے: صیہونی حکومت کے جرائم کے بارے میں عالمی برادری کی خاموشی کا ایک نتیجہ یہ ہے کہ یہ ناجائز حکومت نہ صرف اپنے گھناؤنے اقدامات کے لئے کسی حد کی قائل نہيں بلکہ  حقائق کو بدل کر اور کچھ طاقتوکی مدد سے غزہ میں منصوبہ بند نسل کشی اور جرائم کو ایک معمول کی کارروائی ظاہر کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔

اس پیغام کے ایک اور حصے میں کہا گیا ہے: اسلامی جمہوریہ ایران عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جارحیت کے ایسے واضح واقعات اور ملکوں کی خودمختاری کی بار بار خلاف ورزی کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ میں یہاں عالمی برادری اور دنیا کے تمام  حریت پسندوں  خاص طور پر پارلیمنٹوں کے معزز  اسپیکروں  سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ غاصب اسرائیلی حکومت کے جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مظلوموں کی حمایت کے معاملے میں اپنی بین الاقوامی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریاں پوری کریں اور  فلسطینی قوم اور فلسطینی شہریوں کے قتل عام  کے سد باب کے لئے کہ جو جنگی جرم  اور بین الاقوامی قوانین، بین الاقوامی انسانی قوانین اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، فیصلہ کن اور عبرتناک اقدام کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت  کو جوابدہ بنانے کی کوشش کریں اور اسے عالمی قوانین  پر عمل کرنے پر مجبور کریں۔