تہران - ارنا - بلجیئم کے نوجوانوں کے ایک گروپ نے رہبر انقلاب اسلامی کے نام ایک خط میں لکھا ہے : ہم انصاف و حق کی تلاش کی دعوت کے لئے آپ کے پیغام اور اسی طرح فلسطینی کاز اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے آپ کے احساس ذمہ داری سے بے حد متاثر ہوئے ہيں۔

بلجیئم کے نوجوانوں کے ایک گروپ نے آیت اللہ العظمی سید علی  خامنہ ای کو لکھے گئے  اپنے اس خط میں امریکی اور یورپی یونیورسٹیوں میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے مظاہروں کی حمایت میں  رہبر انقلاب کے پیغام کی  قدر دانی کرتے ہوئے لکھا ہے : ہم حق و انصاف کی تلاش  کی دعوت کے  لئے آپ کے پیغام اور اسی طرح فلسطینی کاز اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے آپ کے ٹھوس احساس ذمہ داری سے بے حد متاثر ہوئے ہيں۔

بلجیئم کے نوجوانوں کے خط میں لکھا گیا ہے: ایک دوسرے کو سمجھنے ، انصاف اور سامنے موجود  پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے  کے لئے آپ کی انتھک کوششیں بے حد اہم ہیں اور ہم نے عزم کیا ہے کہ اسلام کو سمجھنے کی زیادہ کوشش کریں گے۔

اس خط میں فلسطین کی حمایت میں یورپی اور امریکی طلباء کی تحریک کو  دنیا میں ہونے والی ناانصافیوں کے بارے میں مغربی نوجوانوں  کی بیداری  کا ثبوت قرار دیا گيا ہے اور  زور دیا گيا ہے کہ ہم اس پر معنی گفتگو کے جذبے کے جاری رہنے کا بڑے شوق سے انتظار کر رہے ہيں۔

یہ خط فارسی، انگریزی، فرانسیسی اور عربی زبانوں میں LETTER4LEADER# ہیش ٹیگ کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔