اسلام آباد/ ارنا- شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے لئے لاہور شہر میں ایک تعزیتی مجلس کا اہتمام کیا گيا جس میں پاکستان کے برجستہ مذہبی رہنماؤں، علمی شخصیات اور یونیورسٹی طلبا نے شرکت کی۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، اس پروگرام کا اہتمام عروۃ الوثقی دینی مدرسے کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر صوبہ پنجاب کے شیعہ اور سنی علما، دینی مدارس سے وابستہ اساتذہ اور برجستہ شخصیات اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب قونصل جنرل اور خانہ فرہنگ کے سربراہ نے شہید آیت اللہ رئیسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کی یاد تازہ کی تعزیتی کلمات پیش کئے اور ان کے راستے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

عروۃ الوثقی دینی مدرسے کے سربراہ اور مجلس کے میزبان سید جواد نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ شہید آیت اللہ رئیسی کے افکار کے پیش نظر، عالم اسلام کو اس وقت مشترکہ چیلنجوں کو حل اور اتحاد کو یقینی بنانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سامراج کے مقابلے اور وحدت اور ہمسائگی پر مبنی سفارتکاری کو اپنا کر شہید رئیسی کے ناتمام راستے کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدر شہید کے دورہ پاکستان کو ہمیشہ اپنے دلوں اور ذہنوں میں زندہ و تازہ رکھیں گے۔

سید جواد نقوی نے زور دیکر کہا کہ فلسطین اور اسلامی استقامت کے لئے شہید آیت اللہ رئیسی اور ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔

تعزیتی مجلس میں موجود دیگر شیعہ اور سنی علمان نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید آیت اللہ رئیسی کی مخلصانہ خدمات کو نہ صرف ایرانی عوام بلکہ دیگر اقوام اور حکومتوں کے لئے بھی ایک نمونہ عمل قرار دیا۔