ارنا کی خارجہ پالیسی ڈیسک کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جمعے کے روز ایک دوسرے سے فون پر بات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ امیرعبداللہیان نے پاکستان میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نئی پارلیمنٹ جلد اپنے کام کا آغاز کرے گی اور ملک کے وزیراعظم اور کابینہ کا انتخاب کا عمل خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پائے گا۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے حالیہ دور پاکستان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے نیز طے شدہ معاہدوں اورسمجھوتوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر ایران میں ماہرین کی کونسل اور مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات کے کامیاب انعقاد کی امید ظاہرکرتے ہوئے پاکستان میں حکومت سازی کے مراحل کے بارے میں اپنے ایرانی ہم منصب کو آگاہ کیا۔
جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایران کے اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کا مقام ملک کی اندرونی تبدیلیوں سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کا بے چینی کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے غزہ میں نسل کے کشی کے خاتمے کی غرض سے اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے سے متعلق ایران کی تجویز کا بھی خیر مقدم کیا۔