تہران (ارنا) تحریک حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سینئر رکن اسامہ حمدان نے کہا کہ میڈیا کی سرگرمیاں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ہماری جنگ کا حصہ ہیں اور میڈیا وار کی اہمیت میدان میں ہونے والی لڑائی سے کم نہیں ہے۔

ارنا کے نامہ نگار کے مطابق اسامہ حمدان نے آج 18 فروری بروز اتوار، 24 ویں ایرانی میڈیا ایگزیبیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں فلسطین اور غزہ کے عوام اور مزاحمت کاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مجھے فلسطین کے میڈیا کے شہداء یاد ہیں جن کی تعداد غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک 120 سے زیادہ ہوچکی ہے۔

تحریک حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میڈیا نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کے دوران اہم کردار ادا کیا ہے اور میڈیا کی سرگرمیاں صیہونی حکومت کے خلاف ہماری لڑائی کا حصہ ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ میڈیا وار کی اہمیت میدان میں ہونے والی لڑائی سے کم نہیں اور اسی وجہ سے دشمن صحافیوں کو نشانہ بناتا ہے۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ آج کا میڈیا کمیونیٹیز میں قربانی اور مزاحمت کے کلچر اور جہاد کے جذبے کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ میڈیا کی طاقت نے میڈیا کے لیے ایک بہت بڑی ذمہ داری پیدا کر دی ہے اور امت مسلمہ کے حوالے سے میڈیا میں دیانتداری کا ہونا ضروری ہے۔

حماس کے رکن نے غزہ کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جنگ کے آغاز کے 140 دن گزرنے کے بعد بھی مزاحمت کی صورتحال اس سے بہتر ہے جس کا دوست تصور کرتے ہیں، ہماری قوم ثابت قدم ہے اور ہمارے دشمن شکست کا مزہ چکھ رہے ہیں۔