ایران کے نمائندہ دفتر نے ایکس پر ایک بیان جاری کرکے لکھا ہے: اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطین میں نسل پرست اسرائیلی حکومت کے جرائم کے خلاف جنوبی افریقہ کی جانب سے نسل کشی کنونشن کے تحت بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ دائر کئے جانے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کرتا ہے۔ عالمی برادری کو بھی جرائم کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے جنوبی افریقہ کی کاوشوں کی حمایت کرنا چاہیے۔
واضح رہے جنوبی افریقہ نے غزہ میں نسلی تصفیہ کے لئے صیہونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے اور بین الاقوامی عدالت انصاف نے بتایا ہے کہ اس مقدمے میں جنوبی افریقہ کی یہ شکایت ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں نسلی تصفیہ کے مقصد سے کارروائی کی ہے۔
صیہونی حکومت نے جنوبی افریقہ کے اس مقدمے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا نمائندہ عدالت انصاف میں روانہ کریں گے تاہم صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام صیہونی حکومت کی جانب سے بھیجے جانے والے شخص کے بارے میں اختلاف رکھتے ہيں۔
صیہونی فوج نے غزہ کے خلاف جارحیت کے دوران اب تک 23 ہزار 357 سے زائد بے گناہوں کو شہید اور59 ہزار سے 410 سے زائد فلسطینیوں کو زخمی کیا ہے۔