تہران (ارنا) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطین کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کے لیے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تمام اسلامی ممالک سے فلسطین کی مدد کے لیے فوری ایکشن کا مطالبہ بھی کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے ساتھ فلسطین کی حالیہ صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

  وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم اور فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے اسلامی ممالک کی کوششوں کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی درخواست کی۔

امیر عبداللہیان نے فلسطین کے حوالے سے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے تمام اسلامی ممالک سے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کا مشترکہ جواب دینے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

حسین ابراہیم طہ نے ایران کے وزیر خارجہ کی جانب سے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔  

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu