اسلام آباد (ارنا) پاکستان کے ٹورزم برانڈ کی نقاب کشائی کی تقریب پاکستان کے وزیر اعظم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری کے وزیر کی موجودگی میں اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

پاکستان کے برانڈ پروگرام "سلام پاکستان" کی نقاب کشائی کی تقریب آج پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف، ایران کے وزیر سیاحت سید عزت اللہ زرغامی اور 8 ترقی پذیر ممالک کی تنظیم کے تیسرے سیاحتی اجلاس  میں شریک وفود کی موجودگی میں اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ 

اس تقریب میں وزیر اعظم پاکستان نے عزت اللہ زرغامی کو برانڈ "سلام  پاکستان" کی یادگاری  شیلڈ پیش کی۔ 
اس  موقع پر  وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری اور پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔

پاکستانی سیاحتی برانڈ کو متعارف کروانےکا مقصد سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے اور مختلف ممالک کے ساتھ سیاحتی اور ثقافتی وفود کے تبادلے کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری کے وزیر نے 8 ترقی پذیر اسلامی ممالک کی تنظیم D-8 کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لئے  پاکستان  کے دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کیا ہے جسکا اجلاس کل بروز ہفتہ منعقد ہوگا۔ 
عزت اللہ زرغامی نے آج  صدر پاکستان سے بھی ملاقات کی۔
 ایران کے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری کے وزیر  پاکستانی حکام سے سیاحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کی توسیع اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

تیسرے ٹورازم سمٹ میں 2020 سے 2023 تک سیاحتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، ٹریول اینڈ ٹورازم انڈسٹری کی ترقی پر رکن ممالک کی رپورٹ، سرمایہ کاری کے مواقعوں کی نشاندہی  جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس ٹورازم سمٹ میں پاکستان میں سیاحت کےمیدان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور اسلامی سیاحتی منڈیوں سے متعلق اسلام آباد کے بیان کی منظوری دی جائے گی۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu