تہران۔ ارنا- اقوام متحدہ میں تعینات روس کے مستقل مندوب اور نمائندے "واسیلی نبنزیا" نے ایران کیجانب سے روس کو ہتھیار بھیجنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس کا صنعتی اور ملٹری کمپلیکس دوسروں کی مدد کے بغیر اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے۔

ارنا نے تاس نیوز ایجنسی کے مطابق رپورٹ دی ہے کہ  نبنزیا نے جمعہ کومقامی وقت کے مطابق، یوکرین سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ہم سابق مغربی شراکت داروں کی باتوں سے متاثر نہیں ہوتے ہیں۔ وہ ایران سے روس کو ہتھیاروں کی منتقلی کے بارے میں بے بنیاد الزامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے بارہا اس الزام کی تردید کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کا صنعتی اور ملٹری کمپلیکس کسی بھی مقصد کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہمیں دوسروں کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ یوکرین کے حکام مغربی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ڈونیٹسک کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

روس کے مستقل نمائندے نے کہا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران، ڈونیٹسک میں مغربی ہتھیاروں کی مدد سے ایک حقیقی قتل عام ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرینی حکام کو مغربی حکومتوں کی طرف سے اکسایا جا رہا ہے اور وہ حقیقی معنوں میں ڈونیٹسک شہر کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu