ارنا رپورٹ کے مطابق، "ناصر کنعانی" نے افغانستان کے مزار شریف اور جلال آباد کے شہروں میں حالیہ دھماکوں کے نتیجے میں کئی افغان شہریوں کی جاں بحق اور زخمی ہونے کی مذمت کی۔
ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ان دہشتگردانہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
افغانستان کے بلخ کے ہسپتال کے عہدیداروں نے اعلان کیا کہ مزار شریف کے تیسرے ضلع میں آج صبح ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
آج منگل کی صبح تقریبا 7 بجے مزار شریف کے تیسرے ضلع کے سید آباد کے علاقے میں ملازمین کو لے جانے والی مسافر گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔
بلخ کے علاقائی اسپتال کے سربراہ نے کہا اس واقعے کے نتیجے میں 8 جاں بحق اور 10 زخمیوں کو اس اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے اور اس واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام مقامی لوگ ہیں۔
یہ واقعہ کیسے ہوا اس بارے میں تاحال کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں اور پولیس نے ابھی تک کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔
ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم گزشتہ ہفتوں اور مہینوں میں داعش نے افغانستان میں کئی مہلک دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu