تہران/ ارنا- ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ہر ملک کے کچھ حقوق اور ایجنسی کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں لیکن امریکہ کے دباؤ میں آکر آئی اے ای اے اور دیگر عالمی اداروں نے اپنا اعتبار کھو دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے پر امریکہ کا تسلط ہوگیا ہے اور اس ادارے کے اقدامات اس کے قوانین اور اصول کے تحت نہیں بلکہ امریکی فرامین کے مطابق ہوگئے ہیں۔

محمد اسلامی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کو اس مسئلے کا سامنا ہے۔

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ ایران نے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے میں شمولیت کے معاہدے کو اپنی پارلیمنٹ میں منظور کیا ہے اور ان قوانین کا پابند ہے لہذا یہ بات ہرگز قابل قبول نہیں کہ ہمیں حکم دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی جیسی ترقی یافتہ سائنس تک دسترسی ہر قوم کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ایران جیسے ملک پر دباؤ ڈالنے اور اسے محدود کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔

محمد اسلامی نے زور دیکر کہا کہ یہ دوہرے معیار ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ اس وقت ایران میں آئی اے ای اے کے 130 معائنہ کاروں کا آنا جانا لگا ہوا ہے اور پلان شدہ یا اچانک معائنے کا سلسلہ بھی جاری ہے لہذا یہ بات کہی نہیں جاسکتی کہ ایران کا کوئی خفیہ ایٹمی منصوبہ ہے یا رہ چکا ہے۔

محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے مطالبات اور حرکتوں کو سیاست زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی اشتعال انگيز اقدام سے متاثر ہوئے بغیر اپنے واضح اور اصولی منصوبوں پر مستحکم طریقے سے آگے بڑھتے رہیں گے۔