ہفتہ کی صبح IRNA کے رپورٹر کے مطابق؛ پاکستان کا "آپریشن مرصوص" نامی میزائل آپریشن ہندوستان کی جانب سے کچھ پاکستانی فضائی اڈوں پر نئے میزائل حملوں کے چند گھنٹے بعد شروع ہوا۔
اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے اندر کئی اہم اڈوں کو تباہ اور نیشنل پاور گرڈ پر سائبر حملہ کیا ہے۔
پاکستان میں سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن میں فتح 1 اور فتح 2 بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کیا گیا اور 5 اہم ہندوستانی اڈے بشمول پٹھان کوٹ، آدم پور، براھمس اور کے جی ٹاپ نامی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کہا جارہا ہے کہ دہلی، راجستھان اور گجرات کے مضافات میں کچھ ہندوستانی فوجی اہداف کو بھی پاکستانی میزائل کارروائیوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
دریں اثنا، پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ مزید کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے، لیکن کسی بھی نئی بھارتی کارروائی یا پاکستان پر دیگر حملوں کی صورت میں، اس بار بھارت کے اقتصادی اہداف اور اہم انفراسٹرکچر پر حملہ کیا جائے گا۔
پاکستان کے اعلی حکومتی اور فوجی عہدیداروں نے کہا ہےکہ وہ کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں لیکن کسی بھی نئی ہندوستانی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے آمادہ ہیں۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان نے سائبر حملے کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کے 70 فیصد پاور گرڈ کو ناک آؤٹ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
ہندوستان نے کل رات اعلان کیا کہ پاکستان نے ملک کے بعض حصوں پر کئی میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ تاہم پاکستانی فوج نے بھارت کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا اور حکام جعلی خبروں کا سہارا لے رہے ہیں۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ آج کے اہداف ہندوستان کے وہ اڈے تھے جہاں سے حالیہ دنوں میں پاکستانی سرزمین پر حملے کیے گئے ۔
برصغیر کے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان فوجی تناؤ اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور ایسے نازک وقت میں کئی ممالک نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے اور کشیدگی سے بچنے کی درخواست کی ہے۔
پاک فضائیہ کے آج صبح اعلان کے مطابق، ملک کی فضائی حدود آج دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گی۔